85 لکچررس کو ترقی ، پرنسپل کا عہدہ اسٹیٹ کیڈر کہلائے گا ، جی او کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ریاست کے سرکاری جونیر کالجس کے لکچررس کو پرنسپل کے عہدے پر ترقی دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ صدارتی حکمنامہ 2018 کے مطابق پرنسپلس کو اسٹیٹ کیڈر اور لکچررس کو ملٹی زون جائیدادوں میں تبدیل کرتے ہوئے 1993 کے سرویس رولز میں ترمیم کی گئی ۔ حکومت نے تازہ طور پر جی او 27 جاری کیا ہے ۔ فی الحال سینئیر لکچررس کالجس میں انچارج پرنسپلس کے طور پر کام کررہے ہیں ۔ اب ان جائیدادوں پر تقررات کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔ ریاست بھر میں 430 سرکاری جونیر کالجس ہیں جن میں 18 نئے کالجس ہیں ۔ تاہم پرانے کالجس میں 85 پرنسپلس کی جائیدادوں پر تقررات کیے جارہے ہیں ۔ سیناریٹی کی بنیاد پر کونسلنگ منعقد کرنے کے لیے فہرست تیار کی گئی ہے ۔ انٹر ایجوکیشن کے ذرائع نے بتایا کہ اسی ہفتے 1:3 کے تناسب سے لکچررس کی کونسلنگ منعقد کی جائے گی۔ حکومت نے ریاست میں قائم ہوئے 18 نئے جونیر کالجس کے لیے حال ہی میں 273 جائیدادوں کے فائیل کو منظوری دے دی ہے ۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جی او جاری کیا جاتا ہے تو پرنسپلس کی جائیدادوں پر پر تقررات کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ جونیر کالجس کے لکچررس کو ڈگری کالجس لکچررس کے طور پر ترقی دینے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ پی ایچ ڈی یا نیٹ ؍ سیٹ رکھنے والے اس کے لیے اہل ہونگے ۔ اس عمل سے متعلق اہل امیدواروں کی فہرست انٹر ایجوکیشن کے عہدیداروں نے حال ہی میں محکمہ تعلیم کو حوالے کردی ہے ۔ تاہم جونیر کالجس کے لکچررس کے لیے پانچ سال میں ایک مرتبہ پی آر سی پر عمل ہوتا ہے جس کی وجہ سینئیر لکچررس زیادہ تر پرنسپل جائیدادوں کو ترجیح دینے کے امکانات ہیں ۔ ڈگری لکچررس کو یو جی سی کے قواعد کے مطابق 10 سال میں ایک مرتبہ تنخواہوں پر نظر ثانی ہوتی ہے ۔۔ 2