جاریہ ہفتے دونوں شہروں میں سردی کی شدت ہوگی ۔ درجہ حرارت میں کمی کا امکان

   

حیدرآباد 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد و بیشتر اضلاع میں جاریہ ہفتہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کا امکان ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ اس مدت میں سردہوائیں چلنے کے خدشات ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق حیدرآبادو سکندرآباد و کئی اضلاع میں درجہ حرارت 11تا15 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے اور شہر کے نواحی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کے خدشات ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں سردی کی لہر کے دوران جنگلاتی اور کھلے علاقوں میں سرد لہر میں اضافہ ہوگا اور دونوں شہروں میں رات میں درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ آئے گی ۔ شمالی تلنگانہ اضلاع عادل آباد ‘ کمرم بھیم آصف آباد اور نرمل میں آئندہ 4یوم درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ کا امکان ہے۔ اسی طرح شہر کے اطراف کے علاقوں رنگاریڈی ‘ میڑچل ۔ملکا جگری ‘ میدک‘ وقار آباد اور بھونگیر میں بھی درجہ حرارت 10 ڈگری سے کم ریکارڈ ہوسکتا ہے ۔ساتھ میں سرد ہواؤں چلنے کا امکان ہے۔ دونوں شہروں میں عموما ڈسمبر کے وسط میں 13 تا 16 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیاجاتا ہے لیکن جاریہ سال درجہ حرارت میں گراوٹ پر ماہرین کا کہناہے کہ ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ کے اثرات محسوس کئے جارہے ہیں ۔ ماہرین کا کہناہے کہ شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ کے بعد آئندہ موسم گرما کے بھی سخت ہونے کا خدشہ ہے لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں صبح کی اولین ساعتوں یعنی 4تا8 بجے سردی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے اور دن بھر درجہ حرارت 25تا29 ڈگری رہنے سے موسم سرما کی شدت کا احساس نہیں ہورہا ہے جبکہ شام میں سرد لہروں کے آغاز سے لوگ جلد گھروں کو پہنچنے کو ترجیح دینے لگے ہیں۔3

تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں درجہ حرارت 8.7ڈگری درج
حیدرآباد7 ڈسمبر ( یو این آئی) تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اقل ترین درجہ حرارت 8.7 ڈگری یکارڈ کیا گیا۔روزانہ کی موسمی رپورٹ میں محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آئندہ 2 تا3 دن کے دوران تلنگانہ کے بعض علاقوں میں اقل ترین درجہ حرارت معمول سے 3 سے 4 ڈگری کم رہنے کا امکان ہے ۔رپورٹ کے مطابق، تلنگانہ میں آئندہ سات دن موسم کے خشک رہنے کا امکان ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ریاست میں ایسی ہی موسمی صورتحال رہی۔