نئی دہلی : مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے وزیراعظم نریندر مودی سے آج یہاں اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بنگال اسمبلی الیکشن کے بعد وزیراعظم کے ساتھ ممتا بنرجی کی یہ پہلی ملاقات ہے۔ بنگال کی انتخابی مہم کے دوران دونوں قائدین ایک دوسرے پر تیز لفظی حملے کرتے دکھائی دیئے تھے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ممتا بنرجی نے بتایا کہ اُنھیں 3بار وقت مانگنے کے بعد وزیراعظم سے ملاقات کا موقع ملا ہے۔ میٹنگ میں اُنھوں نے کورونا کی صورتحال اور اُس سے لڑنے کے لئے ویکسین کے مؤثر استعمال پر بات چیت کی۔ اُنھوں نے زور دیا کہ پیگاسیس جاسوسی کیس کی تحقیقات سپریم کورٹ کی نگرانی میں کی جانی چاہئے۔ اس کے علاوہ ممتا بنرجی نے بنگال کے مختلف پراجکٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا جس پر وزیراعظم نے تیقنات دیئے ہیں۔