بی جے پی کے کامیاب امیدوار کو تین بچے، الیکشن کمیشن کو نوٹس
حیدرآباد: الیکشن ٹریبونل و چیف جج سٹی سیول کورٹ نے جامباغ بلدی ڈیویژن کے انتخابات کے سلسلہ میں اسٹیٹ الیکشن کمیشن ، کمشنر جی ایچ ایم سی اور دوسروں کو نوٹس جاری کی ہے ۔ جامباغ سے مقابلہ کرنے والے مجلس کے امیدوار جے رویندرا نے اپنی درخواست میں اس حلقہ سے راکیش جیسوال کے انتخاب کو چیلنج کیا ہے ۔ عدالت نے اپنے احکامات میں کہا کہ درخواست گزار جی ایچ ایم سی ایکٹ کی دفعہ 21B کے تحت منتخب امیدوار کو نااہل قرار دینے کی درخواست کر رہے ہیں۔ درخواست گزار نے پیان کارڈ اور برتھ سرٹیفکٹس کی کاپی پیش کی جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ منتخب امیدوار کے تین بچے ہیں جبکہ انتخابات کے حصہ لینے کے لئے دو بچوں کی شرط ہے۔ جج کے رادھا دیوی نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر درخواست کی سماعت تک کوئی احکامات جاری نہیں کئے جاسکتے ، لہذا انہوں نے بی جے پی کے کامیاب امیدوار راکیش جیسوال کے بشمول 4 فریقین کو نوٹس جاری کی ہے۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 6 جنوری کو ہوگی۔ درخواست گزار نے کہا کہ بی جے پی امیدوار نے ریٹرننگ آفیسر کے روبرو حقائق پیش نہیں کئے اور یہ ظاہر کیا کہ انہیں صرف دو بچے ہیں، حالانکہ انہیں تین بچے ہیں۔
