جامباغ سڑک پر ٹریفک جام روز کا معمول

   

Ferty9 Clinic

ایمبولنس ، موٹر گاڑی رانوں اور مقامی تاجرین کو مشکلات کا سامنا
حیدرآباد۔ حکومت تلنگانہ اور محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآبادکی کئی اہم سڑکوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لئے کئی منصوبوں کی تیاری کے علاوہ خانگی کمپنیوںکے ساتھ مشاورت کے ساتھ سڑکوں پر ٹریفک کا مطالعہ کروایا جارہا ہے لیکن شہر حیدرآباد کی مرکزی سڑک پر ایسی کوئی منصوبہ بندی نظر نہیں آرہی ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے حدود میں ٹریفک کے بہاؤ کو آسان کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں ایس آر ڈی پی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے لیکن جہاں سڑکیں پہلے سے ہی وسیع ہیں ان سڑکوں پر ٹریفک پولیس کی جانب سے کئے جانے والے غیر ضروری اقدامات کے باعث ٹریفک کے مسائل پیدا ہونے لگے ہیں۔ جامباغ سے معظم جاہی مارکٹ جانے والی سڑک کو ٹریفک پولیس نے دو حصوں میں تقسیم کر رکھا ہے اور جس میں ایک حصہ سے مارکٹ کی سمت آنے والی ٹریفک جو کہ نامپلی مکرم جاہی روڈ کی طرف جاتی ہے وہ ہمیشہ جام رہنے لگی ہے اور دوسرے حصہ کی ٹریفک جو کہ عابڈس کی طرف بڑھتی ہے سڑک کا وہ حصہ ہمہ وقت خالی رہنے لگا ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹوں کے سبب نصف سڑک کا استعمال نہ کے برابر ہونے لگا ہے جبکہ مابقی نصف سڑک پر مسلسل ٹریفک جام کی شکایات پائی جانے لگی ہیں۔ جامباغ سے براہ معظم جاہی مارکٹ نامپلی مکرم جاہی روڈ پر جانے والی ٹریفک میں ایمبولنس بھی ہوتے ہیں لیکن مسلسل ٹریفک جام کے سبب نہ صرف عوام بلکہ ایمبولنس کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مقامی تاجرین نے بتایا کہ محکمہ ٹریفک پولیس کے عہدیدارو ںکی جانب سے کی جانے والی من مانی کے سبب اس اہم سڑک پر ٹریفک کے مسائل پیدا ہونے لگے ہیں جبکہ اگر ٹریفک پولیس کی جانب سے اس مصروف ترین سڑک پر کھڑی کی گئی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے میٹروریل کے برج کے نیچے موجود راہداریوں کو کھول دیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں دونوں سڑکوں کا بہتر انداز میں استعمال کیا جاسکتا ہے لیکن ایسا کرنے سے گریز کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کی جانب سے ان رکاوٹوں کے ذریعہ ایک سمت کے تمام راہرؤوں کو مشکلات میں مبتلاء کیا جار ہاہے جبکہ دوسری جانب کی سڑک پر کوئی ٹریفک جام کی شکایات نہیں ہیں۔ محکمہ ٹریفک پولیس کا کہناہے کہ ان راہداریوں کو کھولے جانے کے سبب موٹر سیکل رانوں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔