جامباغ کارپوریٹر کے خلاف مقدمہ درج

   

حیدرآباد: عابڈس پولیس نے بی جے پی کے جامباغ کارپوریٹر راکیش جیسوال کے خلاف فرضی حلفنامہ ریٹرننگ آفیسر کو پیش کرنے پر ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جامباغ کے مجلسی امیدوار جے رویندر نے 14 جنوری کو پولیس عابڈس سے ایک تحریری شکایت درج کروائی تھی جس میں یہ الزام عائد کیا تھا کہ راکیش جیسوال جو جامباغ ڈیویژن سے بی جے پی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں ، نے غلط تفصیلات کی بنیاد پر ریٹرننگ آفیسر۔77 وارڈ کو حلفنامہ داخل کیا ہے۔ درخواست گزار نے اپنی شکایت میں بتایا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے دوران راکیش جیسوال اپنے حلف نامہ میں مبینہ طور پر یہ کہا کہ انہیں صرف دو بچے ہیں جبکہ وہ تین بچوں کے باپ ہیں۔ عابڈس پولیس نے اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے عدالت سے اجازت طلب کی اور بی جے پی کارپوریٹر کے خلاف دفعہ 199 (فرضی تفصیلات کی بنیاد پر حلفنامہ پیش کرنا) کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور اس معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ بی جے پی کارپوریٹر نے حالیہ دنوں الیکشن ٹریبونل میں جوابی حلفنامہ داخل کرتے ہوئے مجلسی امیدوار کے الزام کو مسترد کردیا اور سیاسی مخاصمت کے نتیجہ میں ان کے خلاف بے جا کارروائی کرنے کی شکایت کی۔