جامعہ ریاض الصالحات کا جلسہ تقسیم اسناد و عطائے خلعت

   

مولانا حامد محمد خان، ڈاکٹر سید جہانگیر کا خطاب
حیدرآباد۔ 6 مارچ (راست) جامعہ ریاض الصالحات کا سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و عطائے خلعت آج حیدرآباد پر زیر صدارت امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خاں منعقد ہوا۔ اس موقع پر 39 طالبات کو عالمیت، 18 طالبات کو فضیلت کی سند اور 10 طالبات کو حفظ قرآن مجید کی سعادت حاصل کرنے پرسند اور خلعت سے نوازا گیا۔ مہمان خصوصی مولانا ڈاکٹر پروفیسر سید جہانگیر، ایفلو یونیورسٹی نے اپنے خطاب میںجامعہ کے منتظمین اور طالبات کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ طالبات خیر کے کاموں میں ہمیشہ سرگرم رہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے طالبات کو عربی زبان پر عبور اور دسترس حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ حافظ محمد رشاد الدین ناظم شہر جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد نے کہا کہ اعمال صالحہ سے اپنی زندگیوں کو آراستہ کریں۔ اعمال صالحہ سے ایمان تازہ رہتا ہے۔ محترمہ آسیہ تسنیم ، ریاستی ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے کہا کہ علم انسان کو مقصد حیات و شعور عطا کرتا ہے۔ انہوں نے طالبات کو اپنی زندگیوں میں یقین محکم اور عمل پیہم پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ محترمہ حمیرہ نشاط، صدر معلمہ جامعہ ریاض الصالحات نے کہا کہ علم حاصل کرنے کو اسلام نے لازم قرار دیا ہے۔ علم ہی کے ذریعہ اللہ کی معرفت حاصل ہوتی ہے۔ صدارتی خطاب میں امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شخصیت کی عمارت کو ہم خود تعمیر کریں۔ شخصیت کی تعمیر کے لئے کسی اور پر منحصر نہ رہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ جامعہ ریاض الصالحات بہت کم وقت میں تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ یہاں کی طالبات دینی علوم کے ساتھ ساتھ دیگر زبانوں میں بھی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ ڈاکٹر سید عبدالجبار عمری صدر انتظامی کمیٹی نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر محمد اظہر الدین سکریٹری رابطہ عامہ، محترمہ ظہیر فاطمہ، ناظمہ شہر، مرزا اعظم علی بیگ سکریٹری جامعہ ریاض الصالحات، امرائے مقامی علی احمد صابر، محمد عماد الدین، سید محمد عبدالقادر ناصر، خسرو پرویز سکریٹری جامعہ ریاض الصالحات برانچ ٹولی چوکی کے علاوہ اساتذہ و معلمات، فاغ طالبات، معززین شہر اور اولیائے طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔