امتحانات تحریر کرنے سے روک دیا گیا،امتحان ہال میں 2 ممتحن بھی کورونا سے متاثر
حیدرآباد۔ جامعہ عثمانیہ کے 13 طلبہ کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد امتحانات تحریر کرنے سے روک دیا گیا علاوہ ازیں 2 اساتذہ کو جو کہ ممتحن کی خدمات کی انجام دہی کیلئے پہنچے تھے انہیں بھی کورونا وائرس کے معائنہ مثبت پائے جانے کے سبب گھریلو قرنطینہ اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے واپس کردیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق نظام کالج سے تعلق رکھنے والے 13 طلبہ جو کہ جامعہ عثمانیہ کے امتحانات میں شرکت کرنے والے تھے ان کے کورونا وائرس معائنہ کے مثبت پائے جانے کے بعد انہیں واپس چلے جانے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ مستقبل قریب میں کسی اور تاریخ پر ان کے امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ جامعہ عثمانیہ میں اب تک جملہ 30 ڈگری طلبہ کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے اور انہیں امتحانات تحریر کرنے سے روک دیا گیا اور تیقن دیا گیا ہے کہ جلد ہی ان کے امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔ عہدیداروں کے مطابق امتحانات کے لئے مراکز پہنچنے والے طلبہ اور ممتحن کے علاوہ دیگر عملہ کی جانچ کی جا رہی ہے اور اب تک 1000 افراد کا کورونا وائرس معائنہ کیا جاچکا ہے تاکہ محفوظ امتحانات منعقد کئے جائیں۔ ان امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کو بہتر اور محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور امتحانی مراکز جو کہ کالجس میں ہی قائم کئے گئے ہیں وہاں صفائی کے معیاری انتظامات کے علاوہ دیگر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نظام کالج انتظامیہ نے 13 طلبہ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی توثیق کی ہے اور بتایا کہ ان میں 6طلبہ ہاسٹل میں قیام کرنے والے ہیں جنہیں ان کے آبائی مقام روانہ کردیا گیا ہے جبکہ مابقی طلبہ میں 3 غیر ملکی طلبہ شامل ہیں جو کہ ڈے اسکالر ہیں انہیں بھی گھریلو قرنطینہ اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے والے طلبہ کے امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں دریافت کرنے پر بتایا گیا ہے کہ جلد ہی یونیورسٹی انتظامیہ اور ذمہ داروں سے مشاورت کے بعد ان طلبہ کے امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں متعاقب تاریخ کا اعلان کیا جائے گا علاوہ ازیں اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ آئندہ جو امتحانات باقی ہیں اس کے دوران بھی امیدواروں کے معائنوں کو یقینی بنایا جائے ۔
حکومت پر ڈی کے ارونا کی تنقید
حیدرآباد ۔ سابق وزیر اور ریاستی بی جے پی لیڈر ڈی کے ارونا نے حکمران ٹی آر ایس پارٹی پر الزام عائد کیا کہ حکومت نے ڈبل بیڈروم کے جو مکانات بنائے ہیں ان کا تعمیری معیار ناقص ہے ۔ انہوں نے شخصی طور پر ڈبل بیڈروم کی عمارتوں کا معائنہ کیا ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت ریاست میں غریب عوام کو مکانات دینے کا وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہی۔