جامعہ ملیہ اسلامیہ تحریک آزادی کی پیداوار:پروفیسر شہزاد انجم

   

نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر شعبہ پروفیسر شہزاد انجم نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کوئی عام ادارہ نہیں، بلکہ یہ تحریک آزادی کی پیداوار ہے۔ جامعہ محض تعلیم گاہ ہی نہیں، ایک تہذیبی دانش گاہ ہے۔ شعبہ اردو کے زیراہتمام نووارد ریسرچ اسکالرز کے لیے منعقدہ اورینٹیشن اور تعارفی پروگرام میں انہوں نے کہاکہ اس کے بانیان کا مقصد قوم کو محض ڈگری اور روزگار فراہم کرنا نہیں تھا۔ ان کے پیش نظر ہندوستان کی تعمیر نو تھی۔ اردو، تحریک آزادی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ ایک ایسی تثلیث ہے جس میں کسی ایک کے بغیر قومی تصور کا یہ مثلث ناقص ہوگا۔ ممتاز شاعر پروفیسر شہپر رسول نے نئے ریسرچ اسکالرز کو تحقیقی عمل کی سنجیدگی، عرق ریزی، مسائل و مشکلات اور اس کے مختلف لوازم کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ مطالعہ، مشاہدہ، علما کی صحبت اور مستقل غور و فکر سے ہی تحقیق معنی خیز اور وقیع ہوتی ہے۔