پریس ریلیز۔یوجی سی۔ فروغ انسانی وسائل مرکز،جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی، شعبہئ سیاسیات،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اشتراک سے ’انسانی حقوق اور سماجی شمولیت(بین علومی) کے موضوع پر ملک بھر سے شریک ہونے والے 60سے زیادہ نئے فیکلٹی اراکین کی تربیت اور اہلیت کے فروغ کے لیے مؤرخہ 3 اگست 2021 تا 16اگست(آن لائن)2021 کے دوران دو ہفتے کا ریفریشرکورس منعقد کررہاہے۔
پروفیسر انیس الرحمان،ڈائریکٹر،یوجی سی۔ایچ آرڈی سی،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے خیر مقدمی کلمات کے ساتھ آج ریفریشر کورس کا افتتاحی جلسہ منعقد ہوا۔پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ ریفریشر کورس کے افتتاحی اجلاس کی مہمان خصوصی تھیں۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت پروفیسر مسلم خان،صدر شعبہ سیاسیات،فیکلٹی آف سوشل سائنسیز، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے فرمائی۔
اپنے افتتاحی خطبے میں پروفیسر نجمہ اختر شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ریفریشر کورس کی اہمیت واضح کی اور یہ بھی بتایا کہ تدریسی پیشہ سب سے اہم پیشوں میں کیوں شمار ہوتاہے۔انھوں نے موجودہ بحران کے دور میں بالخصوص حقوق کی اہمیت پر زور دیا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سفر کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’جامعہ نے مختلف رکاوٹوں اور چیلنجز کے باوجودکامیابی کی نئی نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔بعد ازاں انھوں نے موجودہ بحران کے دور میں حقوق کی پامالی کو سمجھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انھوں نے کہا کہ اس بحران کے دور میں معاشی اور سماجی حقوق پر غالباً دیر پا نتائج ہوں گے اور اس صورت حال سے ایک مرتبہ پھر ہمارے نظام میں عدمِ مساوات کی گہری جڑوں پر توجہ مرکوز ہوگئی ہے۔
پروفیسر مسلم خان،صدر شعبہ سیاسیات،فیکلٹی آف سوشل سائنسیز، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تاریخی کردار اور جدو جہد آزادی میں اس کے رول پر زور دیا۔آزادی کے وقت حکومت نے یونیورسٹی کو جو امداد اور تعاون دیا تھا انھوں نے اپنی تقریر میں اس کی طرف بھی اشارے کیے۔مزید برآں انھوں نے فیکلٹی اراکین کی پیشہ ورانہ زندگیوں کے فروغ میں فروغ انسانی وسائل کے رول پر بھی زور دیا۔
ریفریشر کورس کے رابطہ کاروں ڈاکٹر سوچریتا سین گپتا اور عدنان فاروقی،شعبہ ئسیاسیات نے کورس کے مشمولات بتائے۔انھوں نے اس موقع پر یہ بھی بتایا کہ اگلے دو ہفتوں میں ملک بھر سے مختلف مضامین کے ممتاز ماہرین انسانی حقوق کے مختلف پہلوؤں پر نوجوان فیکلٹی اراکین کی تربیت میں حصہ لیں گے۔ڈاکٹر عدنان فاروقی کے اظہار تشکر کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
تعلقات عامہ دفتر,
جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی