نئی دہلی: انڈیا عرب کلچر سینٹر جامعہ ملیہ اسلامیہ نے G-20 اور ہندوستان کی صدارت: آگے کی طرف دیکھنا کے موضوع پر جی ٹوینٹی لیکچر سیریز کا دوسرا لیکچر 28 فروری کو سنٹر کے کانفرنس ہال میں منعقد کیا۔ سنٹر فار کناڈین،یو ایس اور لاطینی امریکی مطالعات، ایس آئی ایس، جے این یو کے پروفیسر اروند کمار نے یہ خطبہ دیا۔ عرب کلچر سینٹر کے اعزازی ڈائرکٹر اور G-20 لیکچر سریز کے کنوینر پروفیسر ناصر رضا خان نے پروگرام میں ممتاز مقرر پروفیسر اروند کمار اورجامعہ کے دیگر شعبہ جات اور مراکز کے فیکلٹی اراکین اور طلبا کا خیر مقدم کیا۔ ناصر خان نے ٹاک کی اہمیت اور معنویت کو اجاگر کیا۔ پروگرام کے انعقاد میں پروفیسر نجمہ اختر شیخ الجامعہ کی جانب سے ملنے والے بیش قیمت تعاون کیلئے دل کھول کر تعریف کی۔ پروفیسر اروند کمار نے G-20 کی صدارت کے تحت ہندوستان کو جن امکانات اور چیلنجز کا سامنا ہوگا ان کے متعلق تفصیل سے بتایا۔ انھوں نے پیرس کی آلودگی سے پاک صاف توانائی کے اہداف کے پروٹوکول کو حاصل کرنے کے تئیں ہندوستان کی پیش رفت پر زور دیا۔