نئی دہلی،12اپریل(سیاست ڈاٹ کام )جامعہ ملیہ اسلامیہ کی 100سالہ طویل تاریخ میں وائس چانسلر کے عہدے پر منتخب ہوئیں پہلی خاتون پروفیسر نجمہ اختر نے کہا ہے کہ وہ جامعہ کو عالمی سطح کاتعلیمی ادارہ بنانے کے لئے کوشاں ہیں اور اس کے عظیم بانیوں کے خوابوں کو پورا کریں گی۔پروفیسر اختر نے وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ 1920میں قائم اس یونیورسٹی کے بانیوں محمد علی جوہر اور ڈاکٹر ذاکر حسین جیسی عظیم شخصیات کے خوابوں کو پورا کریں گی اور اسے ایک جامع تعلیمی ادارہ بنائیں گی،جہاں امن اور انصاف قائم ہو اور تعلیم کے معیار میں اضافہ ہو۔انہوں نے آج یہاں عہدہ سنبھال لیا ہے ۔انہیں کل یونیورسٹی کا نیا وائس چانسلر مقرر کیاگیا تھا۔پروفیسر اختر نہ صرف جامعہ بلکہ دہلی کی کسی بھی مرکزی یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے عہدے پرفائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔پروفیسر اختر کو 130ملکوں کے سینئر افسروں کے لئے بین الاقوامی تعلیمی انتظامیہ کورس قیادت کے لئے جانا جاتا ہے ،جس کے لئے انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ ایڈمنسٹریشن(این آئی ای پی اے )میں 15برسوں تک کام کیا ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ سال طلت احمد نے مدت ختم ہونے سے پہلے ہی اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا ،اب تک پروفیسرشاہد اشرف بطور کارگزار وائس چانسلر کا کام کاج سنبھال رہے تھے ۔
