جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علم محسن جاوید کی تصویر یونیسکوعالمی تصویری مقابلے کیلئے منتخب

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔ 12جون (سیاست ڈاٹ کام)جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علم محسن جاوید کی ایک تصویر اقوام متحدہ کے تعلیمی،سائنسی و ثقافتی تنظیم یونیسکو کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے بین الاقوامی تصویری مقابلے میں منتخب اور شائع ہوئی ہے ۔ اس تصویری مقابلے میں دنیا بھر سے ایک سو سے زائد ممالک کے 14 سے 25برس کی عمر کے نوجوانوں نے 6625 تصویریں بھیجیں تھیں۔ سات عالمی شہرت یافتہ فوٹوگرافروں پر مشتمل ایک بین الاقوامی جیوری نے ان میں سے 60بہترین تصویروں کا انتخاب کیا’ جسے ایک خوبصورت کتابی شکل میں شائع کیا گیا ہے ۔محسن جاوید کی تصویر ان 60منتخب تصویروں میں سے ایک ہے ۔ انہوں نے دہلی کے ہمایوں کا مقبرہ کے پانی میں عکس کی تصویر مقابلے کے لئے بھیجی تھی۔ محسن جاوید کوکتاب کی ایک کاپی ارسال کرتے ہوئے یونیسکو نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے ‘آپ کی تصویر ان 6625 تصویروں میں سے ایک تھی جس نے اپنی معیاری’ تخلیقی اور تنوع کی وجہ سے بین الاقوامی سلیکشن کمیٹی کومتاثر کیا۔ اپنی اس کامیابی پر یونیسکو کی جانب سے مبارک باد قبول کریں۔ یونیسکو نے مزید بتایا ہے کہ جن 60تصویروں کو منتخب کیا گیا ہے انہیں دنیا کے مختلف ملکوں میں نمائش میں پیش کیا جائے گا۔ اب تک چین’ افغانستان’ آذر بائیجان’ عمان’ روسی فیڈریشن’ ترکمانستان اور پیرس میں واقع یونیسکو کے ہیڈکوارٹر میں اس طرح کی نمائش کا انعقاد کیا جاچکا ہے ۔ آنے والے دنوں میں دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی یہ تصویری نمائش منعقد کی جائے گی۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے میڈیاکوارڈی نیٹر کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق محسن جاوید جامعہ پالی ٹیکنک میں الیکٹریکل انجینئرنگ کے فائنل ایر کے طالب علم ہیں۔فوٹو گرافی ان کا مشغلہ ہے ۔انہیں کئی مقابلوں میں انعامات مل چکے ہیں۔