نئی دہلی 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جامعہ ملیہ اسلامیہ کے باہر آج اُس وقت کشیدگی دیکھی گئی جب چند افراد پر مشتمل ایک گروپ نے یونیورسٹی کی طرف بڑھتے ہوئے نعرے لگائے۔ ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے ہوئے افراد جے شری رام اور دیش کے غداروں کو گولی مارو …‘‘ جیسے نعرے لگارہے تھے۔ وہاں موجود پولیس دستہ نے ہجوم کو روکنے اور خاموش کرنے کی کوشش کی لیکن ایسا نہ کرنے پر کم از کم 40 افراد کو حراست میں لے لیا جو سی اے اے احتجاجیوں کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ بیشتر افراد سونی پت، ہریانہ سے آئے تھے۔ بعض طلباء نے ویڈیو کلپس دکھائے جس میں بعض پولیس ملازمین کو اُن افراد کے ساتھ چلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ یونیورسٹی نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ ہندوتوا کے غنڈے کیمپس میں داخل ہوئے گولی مارو … جیسے نعرے لگائے۔