جامعہ نظامیہ میں سال حال چرم قربانی وصول نہیں کئے جائیں گے
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جولائی ( پریس نوٹ) کورونا وائرس کی وجہ سے جو حالات پیدا ہوگئے ہیں وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ، ایسے میں مجلس فراہمی سرمایہ جامعہ نظامیہ کے ایک اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سال حال ، ذی الحجہ 1442 ھ میں جامعہ کے لئے چرم قربانی کی وصولی کا کام موقوف کیا جائے گا ۔ وبائی خطرات ، کارکنان وصولی کی عدم دستیابی اور حفظ و سلامتی کی خاطر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ امید کہ صورتحال کو محسوس کرتے ہوئے محبین و معاونین جامعہ نظامیہ کو چرم قربانی روانہ کرنے کی زحمت نہیں کریں گے ۔ ذمہ داران ذیلی مراکز سے بطور خاص خواہش کی جاتی ہے کہ وہ چرم قربانی دینے والوں کو مذکورہ فیصلہ سے واقف کروائیں اور اپنے مراکز پر چرم جمع نہ کریں ۔ حالات معمول پر آنے پر آئندہ سال حسب معمول نظام جاری رہے گا ۔
عرس شریف
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جولائی (راست) حضرت علامہ الحاج سید شاہ شیخن احمد حسینی الق ادری شطاری کاملؒ کا عرس مبارک 6 ذی الحجہ بروز ہفتہ مرکزی آستانہ شطاریہ (مسجد شطاریہ) روبرو گنبد مبارک کاملؒ میں مقرر ہے۔ بعد عصر مسجد آستانہ شطاریہ میں تلاوت قرآن مجید بغور مغرب صندل مالی ، فاتحہ سبوچہ، چراغاں و محفل سماع مقرر ہے۔ حالات حاضرہ کے پیش نظر خانوادہ قادریہ چشتیہ شطاریہ ، زرین کلاہیہ کے مشائخ محدود تعداد میں شرکت کریں گے ۔ مریدین سلسلہ بھی رہیں گے ۔ زیر سرپرستی مولانا سید محمد قبول بادشاہ حسینی الحسینی قادری الشطاری ادیب عمل میں آئے گی ۔ مولانا سید غلام غوث شیخن احمد حسنی الحسینی قادری الشطاری زرین کلاہ کامل مراسم عرس شریف انجام دیں گے ۔ دوسرے دن 7 ذی الحجہ بروز اتوار بعد مغرب ، خانقاہ کامل مرکزی آستانہ شطاریہ دبیر پورہ میں سالانہ غیر طرحی مشاعرہ ہوگا۔
جامعہ نظامیہ کا نظم حصص قربانی سے اظہار لا تعلقی
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جولائی ( پریس نوٹ) ادارہ جامعہ نظامیہ کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ بعض ادارے تنظیمیں اور افراد ’’ جامعہ نظامیہ ‘‘ کی نسبت کا استعمال کرتے ہوئے قربانی کے حصص کا نظم کررہے ہیں ۔ جس سے عام لوگوں کو یہ مغالطہ ہوسکتا ہے کہ جامعہ نظامیہ کی جانب سے قربانی کے حصص کا نظم کیا جارہا ہے ، جو کہ بالکلیہ طور پر غیر درست اور خلاف حقیقت ہے ۔ واضح ہو کہ جامعہ نظامیہ کی جانب سے قربانی کے حصص یا قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کا اہتمام نہیں کیا جاتا ہے ۔ جو لوگ بھی اس طرح کے نظم قربانی میں حصہ لیتے ہیں وہ اپنی تحقیق اور اپنی ذمہ داری پر حصہ لیں ، اس سے جامعہ نظامیہ کا اور عہدہ داران جامعہ نظامیہ کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔