جامعہ نظامیہ میں عصری آڈیٹوریم کی تعمیر کیلئے 50 لاکھ جاری

   

مکہ مسجد کے مرمتی کام رمضان سے قبل مکمل کرنے محمد سلیم کی ہدایت
حیدرآباد۔ 26 فروری (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے جامعہ نظامیہ میں عصری آڈیٹوریم کی تعمیر کے سلسلہ میں آر اینڈ بی کو 50 لاکھ روپئے کا چیک جاری کیا ہے۔ 14 کروڑ 65 لاکھ کے صرفے سے جامعہ نظامیہ میں آڈیٹوریم تعمیر کیا گیا۔ محکمہ آر اینڈ بی کی نگرانی میں تعمیری کام انجام دیئے گئے۔ بلس کی پیشکشی کے اعتبار سے وقف بورڈ گرانٹ ان ایڈ سے رقومات جاری کررہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بہت جلد آڈیٹوریم کی افتتاحی تقریب منعقد کی جاسکتی ہے جس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو مدعو کرنے کا امکان ہے۔ چیف منسٹر نے آڈیٹوریم کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ اسی دوران صدرنشین وقف بورڈ نے مکہ مسجد اور انیس الغرباء کے تعمیری کاموں کی جلد تکمیل کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد قاسم کو ہدایت دی کہ وہ تعمیری کاموں کا شخصی طور پر جائزہ لیں۔ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل مکہ مسجد میں تمام تعمیری اور مرمتی مراحل مکمل کرلئے جائیں تاکہ پنج وقتہ نمازوں بالخصوص تراویح کے موقع پر مصلیوں کو دشواری نہ ہو۔ انہوں نے مسجد کے اندرونی حصے کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی۔ اس سلسلہ میں کنٹراکٹر سے کہا گیا کہ وہ لیبر کی تعداد میں اضافہ کرے۔ اسی طرح مکہ مسجد کی مین گیٹ کے کام تیزی سے جاری ہیں اور توقع ہے کہ رمضان المبارک تک یہ کام مکمل ہوجائیں گے۔