جامع سروے میں صحیح نام درج کروائیں

   

مدرسہ تعلیم السلام پٹلم کا سالانہ جلسہ ، علماء کا خطاب
پٹلم ۔13 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مستقر پٹلم کی وحیدیہ مکتوم مسجد کے عقب میں کھلے میدان میں بعنوان موجودہ حالات اور قرآنی ہدایات پر سالانہ جلسہ عام کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ بعد نماز مغرب مسجد وحیدیہ مکتوم سے متصل نوتعمیر جدید تعلیم السلام مدرسہ کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی ۔ جلسہ کا آغاز سید عبدالمقیت کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ نظامت مولانا عرفان زم زم نے چلائی جبکہ تنظیم المساجد کے صدر جناب سید یاداللہ نے صدارت کی ۔ مفتی ابوبکر جابر قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ معاشرے میں سدھار لانے کی ضرورت ہے۔ مولانا عبیدالرحمن اطہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے سروے کیا جارہاہے ۔ آگن واڑی ، آشا ورکرس اور ٹیچرس آپ کے گھروں پر آئیں گے اُن کا تعاون کرتے ہوئے صحیح نام لکھائیں ۔ اپنے گھر کے ہر فرد مرد و خواتین کے ناموں کی خانہ پُری کرائیں۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن کے ہاتھوں حافظ محمد سیلانی کی دستاربندی عمل میں لائی گئی ، بعد ازاں انھوں نے موجودہ حالات اور قرآنی ہدایات پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ مولانا کی ہی طویل دُعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا ۔ مفتی شیخ جمشید اشاعتی ، صدر سید یاداللہ نے جلسہ میں شریک مرد اور خواتین کا شکریہ ادا کیا ۔