جام نگر میں پل اور سڑکوں کا سروے شروع

   

جام نگر، 14 جولائی (آئی اے این ایس)۔ حالیہ پل حادثے کے بعد گجرات حکومت نے ریاست بھر میں انفرااسٹرکچر کے معائنے کی ہدایت جاری کی ہے، جس پر فوری عمل کرتے ہوئے جام نگر میونسپل کارپوریشن نے پلوں اور سڑکوں کا سروے شروع کردیا ہے۔ پیر کو گلاب نگر اوور برج سے معائنہ کا آغازکیا گیا، جہاں عہدیداروں نے پل کی موجودہ حالت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس کے بعد ٹیم نے جام نگر۔ راجکوٹ روڈ پر دھنواو کے قریب دو مزید پلوں کا معائنہ کیا۔ میونسپل کمشنر ڈی این مودی نے انجینئروں اور محکماتی سربراہوں کو ضروری ہدایات اور تجاویز دیں۔ شہر کے مختلف اہم راستوں، بشمول راجکوٹ روڈ اورکالاواڈ روڈ پر واقع اوور برجوں کا ذاتی معائنہ بھی کمشنر نے کیا۔ سروے کا دائرہ کالاواڈ ہائی وے تک بڑھایا گیا، جس میں مہا پرابھوجی کی بیٹھک سے آگے کے ڈھانچوں کا جائزہ بھی شامل تھا۔ اس معائنہ ٹیم میں ڈپٹی میونسپل کمشنر دیویندر سنگھ جھالا، سٹی انجینئر بھویش جانی، کنٹرولنگ آفیسر مکیش ورناوا، اور ٹاؤن پلاننگ، اسٹیٹ اور ویسٹ مینجمنٹ کے افسران شامل تھے۔ پلوں کے معائنے کے ساتھ ساتھ، حالیہ بارشوں سے متاثرہ سڑکوں کی خستہ حالت، گڑھوں اور عارضی مرمت کے اقدامات پر بھی توجہ دی گئی تاکہ شہریوں کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔ یہ اقدام ریاست بھر میں پرانے یا بوجھ برداشت کرنے والے ڈھانچوں کے خطرات کم کرنے کے لیے شروع کی گئی مہم کا حصہ ہے۔