جاناریڈی کی کامیابی کے بعد ریاست کی سیاسی صورتحال میں تبدیلی

   

آئندہ دس دن تک بوتھ سطح سے کام کرنے کانگریس کیڈر کو مشورہ : مانکیم ٹیگور
حیدرآباد :۔ تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج مانکیم ٹیگور نے اسمبلی حلقہ ناگر جناساگر میں پارٹی امیدوار جاناریڈی کی کامیابی بغیر کسی آرام کے بوتھ سطح سے سرگرم انتخابی مہم چلانے کا کانگریس قائدین کو مشورہ دیا ۔ زوم کانفرنس کے ذریعہ مانکیم ٹیگور نے کانگریس قائدین سے بات چیت کی ۔ اس کانفرنس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کانگریس کے فلور لیڈر ملو بٹی وکرامارک کانگریس امیدوار کے جانا ریڈی کے علاوہ کئی سینئیر قائدین نے حصہ لیا ۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ آئندہ 10 دن کانگریس کے لیے انتہائی اہم ہیں ۔ اس کو ضمنی انتخاب کی طرح ہلکے میں نا لیں بلکہ عام انتخابات کی طرح کام کریں ۔ جانا ریڈی کی شکل میں کانگریس کے پاس طاقتور امیدوار موجود ہے ۔ اس انتخابات کے بعد تلنگانہ کی سیاسی صورتحال تبدیل ہوجائے گی اور کانگریس پارٹی طاقتور بن کر ابھرے گی ۔ پارٹی کا ہر قائد و کارکن تمام بوتھس میں صبح 7 بجے سے سرگرم ہوجائے اور جانا ریڈی کو کامیاب بنانے کے لیے خود مقابلہ کرنے کے انداز میں کام کریں ۔ کانگریس امور کے انچارج نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ سازباز ہے ۔ ٹی آر ایس تلنگانہ میں بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتی ہے اور دہلی میں بی جے پی کا ساتھ دیتی ہے ۔ دونوں جماعتوں کے خفیہ اتحاد اور عوام دشمن پالیسیوں کو عوام کے سامنے آشکار کرنے کا کانگریس قائدین کو مشورہ دیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بی جے پی مقابلے میں نہیں ہے ۔ اصلی مقابلہ کانگریس اور ٹی آر ایس کے درمیان ہے اور جانا ریڈی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ منڈل اور بوتھ سطح پر کانگریس قائدین کو انچارجس نامزد کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کام کررہی ہے اور ہر گھر پہونچکر ٹی آر ایس حکومت کے وعدوں سے انحراف کرنے سے واقف کراتے ہوئے کانگریس کے لیے ووٹ طلب کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جانا ریڈی کم از کم 50 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ کانگریس کے فلور لیڈر ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ ناگرجنا ساگر میں حکمران ٹی آر ایس کی جانب سے پیسہ پانی کی طرح بہایا جارہا ہے ۔ سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کیا جارہا ہے باوجود اس کے کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔۔