جانا ریڈی کیخلاف بنڈی سنجے کے بیانات کی مذمت

   

عوام کو گمراہ کرنے بھٹی وکرمارکا کا الزام
حیدرآباد: سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کی جانب سے جانا ریڈی کے خلاف ریمارکس کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنجے نے جانا ریڈی پر کامیابی کی صورت میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ بی جے پی قائدین ناگرجنا ساگر میں کانگریس کی کامیابی کو روکنے کیلئے گمراہ کن بیانات کے ذریعہ عوام میں الجھن پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوباک ضمنی چناؤ میں بی جے پی نے یہی طریقہ کار اختیار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جانا ریڈی ہمیشہ کانگریس کے وفادار رہے اور تلنگانہ ریاست کے قیام میں ان کا اہم رول ہے۔ ناگرجنا ساگر میں کانگریس کو شکست دینے کیلئے ٹی آر ایس اور بی جے پی نے خفیہ مفاہمت کرلی ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے اتم کمار ریڈی کے خلاف ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کے ریمارک کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کو اپوزیشن قائدین کے بارے میں اظہار خیال کے وقت محتاط رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کے ٹی آر کو مشورہ دیا کہ وہ تہذیب کے دائرہ میں رہ کر بات کریں ورنہ کانگریس پارٹی اسی انداز میں جواب دینا جانتی ہے۔