جانا ریڈی کی تائید میں فیروز خاں کی پدیاترا ، عوام میں جوش و خروش

   

حیدرآباد :۔ حلقہ اسمبلی ناگر جنا ساگر کی ترقی اور تمام طبقات کی بھلائی کے لیے کانگریس کی کامیابی ضروری ہے اور رائے دہندوں کو شعور کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ ہالیہ میونسپلٹی کے ابراہیم پیٹھ میں کانگریس قائد محمد فیروز خاں نے پدیاترا کے موقع پر رائے دہندوں سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مقامی کانگریس قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد کے ہمراہ فیروز خاں نے گھر گھر پہونچکر رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ فیروز خاں کو 6 منڈلوں کا انچارج مقرر کیا گیا ہے اور وہ بوتھس کی سطح پر رائے دہندوں سے ربط قائم کررہے ہیں ۔ انہوں نے کانگریس امیدوار جانا ریڈی کی عوامی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں جانا ریڈی کا اہم رول ہے ۔ 7 میعادوں تک رکن اسمبلی کی حیثیت سے انہوں نے ناگر جناساگر کو ترقی دی ۔ فیروز خاں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے سماج کے ہر طبقہ کو دھوکہ دیا ہے ۔ بیروزگار نوجوان اور کسان خود کشی پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزراء کے ذریعہ ٹی آر ایس کی مہم چلاتے ہوئے عوام کو لالچ دیا جارہا ہے ۔ پدیاترا کے موقعہ پر عوام میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا ۔ ہالیہ کے اقلیتی رائے دہندوں نے جانا ریڈی کی تائید کا یقین دلایا ۔ فیروز خاں انتخابی مہم کے اختتام تک ہالیہ میونسپلٹی میں قیام کریں گے ۔۔