جانوروں کو کورونا سے بچانے چوکسی

   

نئی دہلی6اپریل (سیاست ڈاٹ کام )حکومت نے جنگلی جانوروں میں کرونا وائرس ‘کووڈ۔19 کو پھیلنے سے روکنے کے لئے پیر کو سبھی نیشنل جیولیکل پارک، سنکچوریز اورشیروں کے لئے محفوظ جنگلوں میں نگرانی میں اضافہ کرنے اور انسانوں کے ساتھ جنگلی جانوروں کا رابطہ کم کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔امریکہ کے نیویارک میں ایک چڑیا گھر میں ایک شیرنی کے کرونا انفیکشن سے متاثر پائے جانے کے بعد وزارت ماحولیات ، جنگل اور موسمیاتی تبدیلی کے جنگلی حیات محکمہ نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے چیف وائلڈ لائف کنزرویٹرزکو جاری ہدایات میں کہا ہے کہ جنگلی حیات سے انسانوں اور انسانوں سے جنگلی حیات میں کرونا پھیلنے کا شبہ ہے ۔ اس لئے نیشنل زوالوجیکل پارک، سنکچوریز اور شیروں کے لئے محفوظ جنگلوں میں جنگلی جانوروں اور انسانوں کے درمیان رابطہ کم سے کم کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان جنگلاتی علاقوں میں لوگوں کی آمدورفت محدود کی جانی چاہئے ۔وارڈنوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت حال سے جلد سے جلد نمٹنے کے لئے ایک ورک فورس تشکیل دیں جس میں فیلڈ منیجروں، جانوروں کے ڈاکٹر اور فرنٹ لائن ملازمین شامل ہوں۔ جنگلاتی حیات کی چوبیس گھنٹے نگرانی اور کسی بھی ممکنہ معاملوں کے پیش نظر ایک نوڈل افسر کی تقرری کی جائے ۔