قانونی جانوروں کو ہرگز نہ روکا جائے، محمد سلیم کی وزیر داخلہ سے بات چیت
حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی اور دیگر عہدیداروں سے رابطہ کرکے عیدالاضحی کیلئے جانوروں کی منتقلی روکنے فرقہ پرست طاقتوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ قریش برادری کے علاوہ تاجر اور کسان جانورو منتقل کرتے ہیں اور پولیس کو چاہئے کہ راستہ میں تحفظ فراہم کرے۔ مختلف مقامات سے شکایات مل رہی ہیں کہ فرقہ پرست گاڑیوں کو روک کر حملہ کر رہے ہیں اور پولیس کو گاڑیاں ضبط کرنے مجبور کیا جارہا ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ حکومت نے قربانی کیلئے جانوروں کی منتقلی کی اجازت دی ہے۔ اونٹ اور گائے کو چھوڑ کر دیگر جانور قانونی طور پر منتقل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو بگاڑنے فرقہ پرست طاقتیں ہر سال عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی منتقلی روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس مرتبہ بھی بعض مقامات پر رکاوٹ کی اطلاع ملی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو محمد سلیم نے بتایا کہ رکاوٹوں کی اطلاع سے تاجر و کسان پریشان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں کہ وہ بڑے جانور یا بھیڑ بکریوں کی گاڑیوں کو روکیں۔ گائے اور اونٹ کی منتقلی پر پابندی ہے اور جمعیت القریش نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ گائے اور اونٹ منتقل نہ کریں۔ تلنگانہ میں سیکولر حکومت ہے اور تمام مذاہب کا احترام کیا جاتا ہے ۔ محمد سلیم نے وزیر داخلہ محمد محمود علی سے بھی نمائندگی کی جس پر انہوں نے بتایا کہ تمام ضلع ایس پیز کو ہدایت دی گئی کہ قانونی طور پر جانور کی منتقلی میں رکاوٹ پیدا نہ کریں۔ محمد سلیم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قربانی کے موقع پر سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور صحت و صفائی کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ کورونا جیسے وائرس سے بچا جاسکے۔
