واشنگٹن ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے قومی سلامتی مشیر جان بولٹن کو برطرف کئے جانے کے فیصلہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے (بولٹن) کئی ایسی غلطیاں کی ہیں جنہیں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا اور ان کی کارکردگی ٹرمپ انتظامیہ کے وضع کردہ ضوابط سے ہم آہنگ نہیں تھی۔ ٹرمپ نے کہا کہ بولٹن شمالی کوریا کے قائد کم جونگ کیلئے بھی لیبیائی ماڈل اختیار کرنا چاہتے تھے اور اس پر انہوں نے ایک بیان بھی جاری کیا تھا جسے کسی بھی حالت میں پسندیدہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔ آپ دیکھئے کہ قذافی کے ساتھ کیا ہوا لہٰذا ایسے بیانات دینے کا کوئی فائدہ نہیں جس نے ہمیں مایوس کردیا۔ بولٹن کو اچانک عہدہ سے دستبردار کرنے کے ایک روز بعد وائیٹ ہاؤس میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بولٹن کے ساتھ حالانکہ ان کے (ٹرمپ) تعلقات اور تال میل اچھے تھے تاہم انہوں نے (بولٹن) کچھ فاش غلطیاں کی ہیں۔ ونیزویلا پر بھی وہ بولٹن کے نظریات سے متفق نہیں تھے۔
