جان بولٹن کو قانون شکنی کی بھاری قیمت چکانا ہوگی: ٹرمپ

,

   

واشنگٹن۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز کہا کہ ان کے سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن اپنی یادداشتیں شائع کرکے ’’قانون توڑنے‘‘ کی ’’بھاری قیمت‘‘ ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بولٹن نے قانون توڑا۔ اسے طلب کیا گیا اور اس کی سرزنش کی گئی، اور وہ اس کی بھاری قیمت ادا کریں گے۔ اپنی ایک ٹویٹ میں صدرنے مزید لکھا کہ بولٹن کو لوگوں پر بم پھینکنا اور مارنا پسند ہے۔ اب بم اس پر پھینکیں گے۔خیال رہے کہ امریکی وفاقی جج نے ہفتہ کے روز امریکی انتظامیہ کی طرف سے بولٹن کی کتاب کی اشاعت کو روکنے کے لئے دائر درخواست مسترد کردی تھی۔تاہم جج رائس لیمبرٹ نے کتاب کی اشاعت کے بارے میں جان بولٹن کے نقطہ نظر کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بولٹن نے قومی انٹیلی جنس حکام سے حتمی منظوری حاصل کیے بغیر اپنی کتاب شائع کرنے کا بوجھ اپنے کندھوں پر لے لیا۔ اس سے قومی سلامتی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔جج نے مزید کہا کہ کہا پہلے ہی ملک بھر میں بولٹن کی کتاب کی دو لاکھ کاپیاں فروخت کردی گئی ہیں۔ اب اس کی اشاعت روکنا بے سود ثابت ہوں گی۔یہ کتاب اگلے ہفتے بازار میں فروخت ہوگی۔ منگل کے روز اشاعت کی تیاری کے لئے کتاب ’’دی روم ویئر ایٹ ہپنڈ‘‘ کی بڑی کاپیاں لائبریریوں میں بھیج دی گئیں۔ متعدد ذرائع ابلاغ کے مطابق کتاب کا ایک بڑا حصہ صدر ٹرمپ پر تنقید کے لئے وقف کیا گیا ہے۔