کورٹلہ میں زبردست احتجاج، محمد رزاق کے قاتلوں کوگرفتار کرنے کا مطالبہ
کورٹلہ۔/19 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کورٹلہ منڈل ایلا پور گاؤں کے کانگریس آئی پارٹی قائدجناب محمد رزاق کو چہارشنبہ کے دن نامعلوم افراد نے ان پر جان لیوا حملہ کرتے ہوئے انہیں شدید زخمی کردیا تھا۔ نظام آباد کے دواخانے میں دوران علاج ان کا انتقال ہوگیا۔ جناب رزاق کانگریس قائد کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی کانگریس پارٹی قائد کومی ریڈی آزاد ایڈوکیٹ کی قیادت میں کانگریس قائد رزاق کی ناگہانی موت پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا گیا اور محکمہ پولیس کے عہدیداروں سے رزاق کے قاتلوں کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ چند دنوں میں حلقہ اسمبلی کورٹلہ میں قتل کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لاء اینڈ آرڈر کی برقراری میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے رزاق کے ارکان خاندان کو ایکس گریشیا دیتے ہوئے ان کے خاندان کو سہارا دینے کا مطالبہ کیا۔