حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن میں قصہ کرسی کا جاری
حیدرآباد : حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن میں قصہ کرسی کا جاری ہے ۔ ریاستی کرکٹ اسوسی ایشن میں جاری تنازعہ کے دوران ایچ سی اے کے نائب صدر جان منوج کو اسوسی ایشن کا عبوری صدر مقرر کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ اپیکس کونسل نے صدر محمد اظہر الدین کو معطل کردیا تھا ۔ تازہ واقعہ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اظہر الدین نے واضح کیا کہ وہ اب بھی ایچ سی اے کے صدر برقرار ہیں اور اپیکس کونسل کے پانچ ارکان کو ان کے عہدوں سے معطل کیا گیا ہے ۔ اظہر الدین نے اپیکس کونسل کے ارکان کو ایک پیام دیتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس غیر قانونی تھا اور جان منوج کو عبوری صدر قرار نہیں دیا جاسکتا ۔ ایسا کرنا ایچ سی اے کے قوانین کے خلاف ہے ۔ انہوں نے تمام ارکان کو ایسی سرگرمیوں سے باز رہنے کو کہا ہے ۔ تاہم جان منوج نے کہا کہ انہیں عبوری صدر مقرر کرنے کا فیصلہ اپیکس کونسل کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسوسی ایشن ایک فرد پر نہیں چلتی ۔ ہم نے ایچ سی اے کے دستور کے مطابق فیصلہ کیا ہے ۔ اپیکس کونسل کی جانب سے ہی کسی عہدیدار کو معطل کیا جاتاہے کسی فرد واحد کی جانب سے نہیں۔ ہم ایچ سی اے کے دستور کی پابندی کر رہے ہیں۔