جکارتہ، 20 مئی (یو این آئی) انڈونیشیا کے مشرقی صوبے جاوا میں شدید بارشوں کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے چھ افراد منہدم مکانات کے ملبے تلے دب گئے۔ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اینڈ ریڈکشن ایجنسی کے سینئر افسر نے منگل کے روز یہاں بتایا کہ کئی دنوں سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے پیر کی شام تقریباً چار بجے ترنگلک کے ڈیپوک گاؤں میں پہاڑی کا حصہ منہدم ہو گیا جس سے 11 مکانات تباہ ہو گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ 11 گھروں کے 6 افراد تین مکانات کے ملبے تلے دب گئے ۔اہلکار نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے دو سڑکیں بند ہوگئیں، جس کی وجہ سے متاثرین کو نکالنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔افسر کے مطابق تباہ شدہ مکانات میں رہنے والے لوگوں کو گاؤں کی ہی ایک عمارت میں ٹھہرایا گیا ہے ۔ مشرقی صوبہ جاوا میں سرچ اینڈ ریسکیو آفس میں آپریشنز یونٹ کے سربراہ دیدات آری نے کہا کہ امدادی عملہ امدادی کارروائیوں کیلئے جائے وقوعہ کی طرف جا رہے ہیں۔