جاوید اختر کی شکایت پر کنگنا رناوت کیخلاف گرفتاری وارنٹ

   

ممبئی : معروف شاعر جاوید اختر کی شکایت پر بالی وڈ ادکارہ کنگنا رناوت کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ جاوید اختر نے کنگنا کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے جس کے بعد ممبئی کورٹ نے اداکارہ کو طلب کیا تھا۔ تاہم پیر کے روز وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئیں جس کے بعد عدالت نے وارنٹ جاری کر دیے۔اندھیری میٹروپولٹن مجسٹریٹ کی عدالت نے جمعہ کے روز کنگنا رناوت کو طلب کرتے ہوئے نوٹس میں لکھا تھا کہ انہیں ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ یکم مارچ کو پیش ہوں تاہم وہ پیش نہ ہوئیں۔ عدالت نے وارنٹ جاری کرتے ہوئے سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔اداکارہ کے وکیل رضوان صدیقی کا عدالت میں کہنا تھا کہ قانون کے تقاضے درست طور پر پورے نہیں کیے گئے۔ وارنٹ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔دوسری جانب جاوید اخبر وریند گوور نے عدالت میں کہا کہ چاہے وارنٹ کو چیلنج بھی کر لیا جائے پھر بھی اداکارہ کو ہدایت کے مطابق عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔قبل ازیں جاوید اختر کے وکیل کی جانب سے عدالت سے وارنٹ کی استدعا کیے جانے پر اداکارہ کے وکیل نے مخالفت کی۔ مجسٹریٹ آر آر خان نے سماعت کے دوران کہا کہ کنگنا کو کوئی بھی آرڈر کسی اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے کی آزادی ہے لیکن یہ حق انہیں عدالت میں حاضر ہونے سے مبرا نہیں کرتا۔خیال رہے جاوید اختر نے نومبر میں کنگنا کے خلاف شکایت درج کرائی تھی کہ ان کے مبینہ بے بنیاد بیانات کی وجہ سے ان کی شہرت کو نقصان پہنچا ہے۔