جاوید میانداد نے ’ذہین‘ ڈی کاک کودرست قرار دیا

   

کراچی: جاوید میانداد نے ’ذہین‘ ڈی کاک کو ہی درست قرار دے دیا جب کہ فخر زمان کے متنازعہ رن آؤٹ پر سابق عظیم کرکٹر نے کہاکہ بیٹسمین کو اپنی وکٹ پہلی محبت کی طرح عزیز ہونی چاہیے۔دوسرے ون ڈے کے آخری اوور میں جنوبی افریقی وکٹ کیپر کوئنٹین ڈی کاک نے جعلی فیلڈنگ سے پاکستانی اوپنر فخر زمان کو رن آؤٹ کرانے کی راہ ہموار کردی تھی،وہ صرف 7 رنز کی کمی سے ونڈے کرکٹ میں اپنی دوسری ڈبل سنچری مکمل نہیں کرپائے تھے۔ ڈی کاک کی اس حرکت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔البتہ سابق کپتان اور عظیم بیٹسمین جاوید میانداد اسے درست سمجھتے ہوئے انھیں اسمارٹ کرکٹر قرار دیتے ہیں۔ایک نیوز ایجنسی کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ کوئی بھی کرکٹر کسی بھی قسم کی صورتحال میں اپنی نگاہیں گیند سے نہیں ہٹاسکتا، آپ کو اپنی وکٹ اتنی ہی عزیز ہونا چاہیے جتنا کسی مرد کو اپنی محبت ہوتی ہے، جب آپ ایسا کرتے ہیں تو پھر ایسے رن آؤٹ نہیں ہوتے۔ سابق کپتان نے کہاکہ سنا ہے پاکستانی ٹیم خود بھی حریف ٹیم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ایسے حربے استعمال کرتی رہی ہے، انھوں نے کہا کہ ہم بھی ایسا کرتے تھے، میں خود یہ ظاہر کرتا تھا کہ جیسے گیند بولر اینڈ کی جانب پھینک رہا ہوں مگر اصل میں وکٹ کیپر کی جانب پھینک کر حریف پلیئر کو رن آؤٹ کرنے کی کوشش کرتاا، اسے چالاکی سمجھنا چاہیے۔ دوسرے ونڈے میں پاکستان ٹیم کو 17 رنز سے شکست ہوئی جس کی وجہ سے سیریز 1-1 سے برابر ہوئی اور تیسرا میچ فیصلہ کن حیثیت اختیار کرگیا ۔ پہلے میچ میں پاکستان نے بابر اعظم کی سنچری سے بمشکل فتح حاصل کی تھی۔