نئی دہلی۔19مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق قدآور کپتان جاوید میانداد نے ہندوستان پر تنقید کی ہے۔ میانداد نے ایک ٹویٹ میں اشاروں میں کہا کہ ہندوستان پاکستان کو اس لئے گھر آنے کی دعوت نہیں دیتا ہے کیونکہ وہ ہندوستان کو اس کی سرزمین پر شکست دیتے تھے۔ میانداد نے ٹویٹ میں لکھا ہمیں ہندوستانی ٹیم کو ان کے گھر پر شکست دینے کی عادت تھی لیکن اب اس نے ہمیں دعوت دینا چھوڑ دیا ہے۔ جاوید میانداد کے اس بیان کے بعد ہندوستانی شائقین نے انہیں گھیر لیا۔ مداحوں نے لکھا کہ ہندوستان کو بھی ورلڈ کپ میں پاکستان کو شکست دینے کی عادت ہے۔ جاوید میانداد بھلے ہی ہندوستان کو اس کے گھر پر شکست دینے کا دم بھر رہے ہوں ، لیکن پاکستان نے ہندوستان کی سرزمین پر صرف دو سیریز جیتی ہیں۔ ہندوستان میں انہوں نے 33 ٹسٹ کھیلے اور5 میں کامیابی حاصل کی اور7 میں ناکام ہوئے۔ دونوں ممالک کے مابین ہندوستانی سرزمین پر آخری سیریز سال 2007 میں کھیلی گئی تھی جس میں ہندوستان نے 1-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ہندوستان میں ونڈے کرکٹ میں پاکستان کا ریکارڈ یقینی طور پر اچھا ہے۔ یہاں انہوں نے 30 ونڈے میچ کھیلے جس میں 19 میچ جیتے اور11 ہارے۔ وہیں ہندوستان نے پاکستان کو اس کی سرزمین پر ایک ہی بار ٹسٹ سیریز میں مات دی جبکہ پاکستان نے تین ٹسٹ سیریز جیتی ہیں۔