جاپانی سفارتکار پر نسل پرست حملہ، خاتون گرفتار

   

نیویارک : گزشتہ ماہ امریکی ریاست اوریگون میں 62 سالہ جاپانی سفارتکار پر حملہ کیا گیا تھا، حملہ کرنے والی خاتون کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس میں اسے ایشیائی شہریوں کے خلاف نسل پرست حملہ قرار دیا گیا۔ امریکی شہر پورٹ لینڈ میں قائم جاپانی قونصل خانے میں قونصلر سیکشن کے سربراہ یوزو یوشیوکا کو ایک خاتون نے زمین پر دھکا دے دیا جس سے ان کا سر پھٹ گیا۔ 17 جون کی دوپہر جاپانی سفارتکار اکیلے چہل قدمی کر رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا، انہیں اسپتال لے جایا گیا لیکن اسی روز ڈسچارج بھی کردیا گیا۔ سفارتکار کو دھکا دینے والی عورت بے گھر ہے، سفارتکار روبہ صحت ہونے کے بعد دفتر واپس آچکے ہیں۔ جائے وقوعہ پر پہنچنے والے پولیس افسر کو سفارتکار نے بتایا کہ خاتون نے انہیں بلاوجہ دھکا دیا۔ افسر نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ سفارتکار کے سر سے بہت خون بہہ گیا تھا، انہیں موقع پر ہی طبی امداد دی گئی۔ ملزمہ کی شناخت 23 سالہ ایریسا رابنسن کے نام سے ہوئی جو اب جیل میں قید ہے۔