ٹوکیو۔ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے آدھے سے زائد افراد کورونا وائرس کے خدشے کی وجہ سے آئندہ برس اولمپکس کا انعقاد نہیں چاہتے۔ ایک رائے عامہ کے ایک جائزے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیاہے کہ ٹوکیو کے زیادہ تر شہری یا تو اولمپکس کو مزید موخرکرنے کے حق میں ہیں یا وہ یہ چاہتے ہیں کہ یہ ایونٹ منسوخ ہوجائے۔رائے عامہ کا جائزہ جاپانی میڈیا کے دو اداروں نے صرف ایک ہی نکتے یعنی اولمپکس کے انعقاد پرکیا تھا جو طبی ماہرین کی اس تنبیہہ کے بعدکیا گیاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے ان کھیلوں کے انعقاد میں ایک سال کی تاخیر بھی کافی نہیں ہوگی۔گذشتہ ہفتے کے آخر میں کیے گئے پول میں 51.7 فیصد افراد نے رائے دی ہے کہ اولمپکس 2021 سے بھی مزید تاخیرکا شکار ہو جائیں یا پھر منسوخ ہو جائیں جبکہ 45.3 فیصد افراد نے ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق2021 میں ایونٹ کروانے میں دلچسپی ظاہرکی۔پول میں جن افراد نے 2021 میں اولمپکس کروانے کی مخالفت کی ان میں سے 27.7 فیصد افراد اس ایونٹ کی مکمل منسوخی چاہتے ہیں جبکہ 24 فیصد افراد کی یہ خواہش ہے کہ ان کھیلوں کا انعقاد ایک بار پھر موخر ہوجائے۔میڈیا اداروں کائیدو نیوز اور ٹوکیو ایم ایکس کی جانب سے 26 سے 28 جون کے درمیان کروائے گئے ٹیلی فونک پول میں ایک ہزار30 افراد نے حصہ لیا۔ پول میں جن افراد نے یہ رائے دی کہ اولمپکس کا انعقاد آئندہ برس ہونا چاہیے ان میں سے 31.1 فیصد افراد نے کہا ہے کہ ان کھیلوں کو مختصرکر کے تماشائیوں کے بغیر منعقد کیا جائے۔
