جاپان اورآسٹریلیا کی بھی روس پر پابندیاں

   

ٹوکیو / کینبرا : یوکرین اور روس کے درمیان جاری کشیدگی کے سبب امریکہ اور برطانیہ کے بعد جاپان اور آسٹریلیا نے بھی روس پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جاپان کے وزیر اعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جاپان میں روسی بانڈز کے اجرا پر پابندی لگائی جا رہی ہے، کچھ روسی شہریوں کے اثاثے منجمد کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روس نے یوکرین کی سالمیت کو نقصان پہنچا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ادھر آسٹریلیا کے وزیر اعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دیگر ممالک کے ساتھ روس کے متنازعہ اقدامات کے خلاف کھڑے ہیں، روسی فوجیوں کی مشرقی یوکرین میں نقل و حرکت حملہ ہے۔گزشتہ روز برطانیہ نے یوکرین کے ساتھ کشیدگی کی وجہ سے پانچ روسی بینکوں اور شخصیات پر پابندیاں عائد کر دیں۔ برطانیہ کی جانب سے پابندیوں کو اعلان روس کے مشرقی یوکرین کے دو حصوں میں فوجی دستے کے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے۔برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے روس پر پابندیاں عائد کرتے ہوئے کہا کہ روسی پر یہ پابندیاں پہلے مرحلے میں لگائی گئی ہیں جب کہ مزید پابندیاں بھی عائد کر سکتے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ آخر لمحے تک یوکرین کا معاملہ سفارتی حل سے ختم ہو۔