جاپان شہر میں شدید بارش کا ہنگامی انتباہ

   

ٹوکیو، 8 اگست (یو این آئی) جاپان کے محکمہ موسمیات نے جمعہ کی صبح کاگوشیما کے جنوب مغربی علاقے بالخصوص کریشیما شہر کیلئے شدید بارش کی ہنگامی وارننگ جاری کی ہے ۔ اس وارننگ میں نشیبی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب اور بہنے والے دریاؤں کے قریب نہ جانے کی اپیل کی گئی ہے ۔جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے پانچ درجے کے ڈیزاسٹر الرٹ سسٹم کے تحت یہ اعلیٰ ترین سطح کی وارننگ ا س سال پہلی بار کریشیما میں ریکارڈ بارش کے بعد جاری ہوئی ہے ۔کریشیما شہر کے ایک علاقہ میں جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق سویرے 3 بجے سے ایک گھنٹے میں 107.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو اس مقام کے ریکارڈ میں سب سے زیادہ ہے ۔ 12 گھنٹے کی مجموعی بارش کی مقدار480 ملی میٹر سے زیادہ ہوسکتی ہے ، جو شہر کے اگست مہینے کی اوسط بارش سے تقریباً 1.8 گنا زیادہ ہے ۔جے ایم اے نے کہا کہ کاگوشیما سمیت کیوشو کے علاقے میں اتوار تک طوفانی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے 24 گھنٹے تک بارش کی مقدار جنوبی کیوشو میں 200 ملی میٹر اور شمالی کیوشو میں 120 ملی میٹر ہونے کی توقع ہے ۔ محکمہ موسمیات نے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ محتاط رہیں کیونکہ متاثرہ علاقوں میں خطرناک صورتحال پہلے سے موجود ہو سکتی ہے ۔