ٹوکیو :جاپان فلسطینیوں کو 65 ملین ڈالر کی امداد دے گا۔ جاپان کے وزیر خارجہ یوکو کامیکاوا نے دورہ اسرائیل اور اردن کے موقع پر کہا ہے کہ جاپان غزہ کے تنازعے پر تشویش کے پیش نظر فلسطینیوں کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرے گا۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن اور فلسطینی ہم منصب ریاض المالکی سے ملاقات کے بعد اردن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ یوکو کامیکاوا نے کہا جاپان جنگ زدہ غزہ کو مادی امداد فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اس موقع پر کامیکاوا نے کہا اسرائیل اور فلسطین کے لیے ضروری ہے کہ وہ پرامن طور پر ایک ساتھ رہنے کے قابل ہوں تاکہ دہشت گردی کی ایک اور المناک کارروائی سے بچا جا سکے۔ مزید کہا کہ ایلی کوہن اور ریاض المالکی کو جاپان کی دو ریاستی حل کیلئے حمایت سے بھی آگاہ کیا تھا۔