ٹوکیو ۔ 16 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جاپانی وزیراعظم شینزو آبے کی حکومت نے طاقتور سمندری طوفان ہاگیبیس سے متاثرہ خاندانوں کو خوراک اور اشیائے ضرورت کی فراہمی اور علاقوں کی صفائی و ستھرائی کے لیے ساڑھے چھ ملین امریکی ڈالر مختص کر دیے ہیں۔ اس طوفان سے ہونے والی ہلاکتیں 70تک پہنچ چکی ہیں اور ابھی بھی لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ کم از کم 11افراد لاپتہ ہیں اور امدادی ورکرز نے ان کے بچ جانے کے امکانات کو انتہائی کم بتایا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے روز ٹکرانے والے سمندری طوفان سے وسطی اور شمالی جاپان کے وسیع علاقے میں پانی اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا تھا۔