جاپان میں اڑنے والی موٹر سائیکل

   

ٹوکیو:ایک نئی جاپانی کمپنی کو امید ہے کہ وہ کاروں کے شوقین لوگوں کو قائل کر لیں گے کہ وہ کار کی جگہ چھ لاکھ 80 ہزار ڈالر کی اڑنے والی موٹر سائیکل لے لیں۔ہوا میں ہیلی کاپٹر کی طرح معلق رہنے کی صلاحیت سے لیس یہ ’ہوور بائیک‘ جاپان کی اے ایل آئی ٹیکنالوجیز نامی کمپنی نے بنائی ہے اور اس کے محدود پیمانے پر بنائے جانے والے ماڈل ’ایکس ٹروسیمو‘ کی نقاب کشائی 27 اکتوبر کو کی گئی۔ٹوکیو میں قائم اس نئی کمپنی کو ٹیکنالوجی کی دنیا کی مشہور کمپنی مِٹسبوشی اور جاپانی فٹبالر کیسوکے ہونڈا کی حمایت حاصل ہے۔اے ایل آئی ٹیکنالوجیز کا کہنا ہے کہ ان کی یہ جدید ترین موٹرسائیکل ایک مرتنہ چارج کرنے سے 40 منٹ تک 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑ سکتی ہے۔کمپنی کا ارادہ ہے کہ وہ 2022 کے وسط تک اس ماڈل کی 300 کلوگرام وزنی 200 موٹر سائیکل بنا لے گی۔جاپان میں آپ اس جدید ترین موٹر سائیکل کے لیے آرڈر بْک کر سکتے ہیں۔اس موٹر سائیکل پر ایک شخص ہی سوار ہو سکتا ہے اور اس میں موٹر سائیکلوں والے روایتی انجن کے علاوہ بیٹری سے چلنے والی چار موٹریں لگی ہوئی ہیں۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹِو ڈیسوکے کٹانو کا کہنا ہے کہ ’اب تک ہمارے پاس دو ہی طریقے تھے، زمین پر حرکت کر لیں یا آسمان پر چڑھ جائیں، (لیکن) ہمیں امید ہے کہ ہم حرکت کرنے کا ایک نیا طریقہ متعارف کرا رہے ہیں۔