جاپان میں بحری جہاز ڈوبنے سے 10ہلاک

   

ٹوکیو : جاپان کے کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ ہفتہ کوغرقاب چھوٹے بحری جہاز کے 10 مسافر ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 16 لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو کوسٹ گارڈز کے ترجمان نے کہا کہ ’ہم ملنے والے تمام 10 افراد کی موت کی تصدیق کرتے ہیں۔‘جاپانی کوسٹ گارڈز کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جو لاشیں ملی ہیں ان میں سات مرد اور تین عورتیں ہیں۔ قبل ازیں صبح 11 بجے کوسٹ گارڈ ایئرکرافٹ اور مقامی پولیس نے چٹانوں والے ساحلی علاقے سے چار چار جبکہ سیلف ڈیفنس ایئرکرافٹ نے ایک شخص کو ریسکیو کیا تھا ۔ مقامی حکام کا کہنا تھا کہ ان افراد میں سے اکثر مکمل طور پر ’بے حس و حرکت‘ ہیں تاہم ابھی تک ان کی صحیح صورت حال واضح نہیں ۔ یاد رہے کہ جاپان کے کوسٹ گارڈ کو ہفتہ کے روز رپورٹ ملی تھی کہ سیاحوں کو سیر کروانے والا چھوٹا جہاز سیلاب کی نذر ہوگیا ہے جس میں 26 افراد سوار تھے۔ عرب نیوز جاپان کے مطابق دوپہر 1:15بجے (جاپانی وقت) رپورٹ ملنے کے بعد جہاز کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا ۔کوسٹ گارڈز نے ابتدائی طور پر ریسکیو کے لیے موقع پر پانچ پٹرولنگ کشتیاں اور دو جہاز بھیجے تھے۔کوسٹ گارڈز ہیڈ کوارٹرز کے مطابق اس جہاز میں 22 مسافر، دو بچے اور دو عملے کے افراد سوار تھے۔جہاز کی کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق اس جہاز میں 65 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔