جاپان میں ’سی سی ایچ ایف وائرس‘ سےایک کی موت ،الرٹ جاری

   

ٹوکیو۔ 17 جون (ایجنسیز) جاپان میں، حیوانات سے پھیلنے والے مہلک ’’کریمین ہیمرجک کانگو بخار‘‘ یعنی ‘CCHF’ وائرس کے نتیجہ میں ایک ویٹرنر کی موت کے بعد ، وائرس کے ملک بھر میں پھیلنے کا اندیشہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ ساوتھ مارننگ چائنا پوسٹ کے مطابق ایک 50 سالہ ویٹرنر کی موت کے بعد تشویش محسوس کی جا رہی ہے کہ کہیں ‘سی سی ایچ ایف’ وائرس پورے ملک میں نہ پھیل جائے۔یہ وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے اور اس کی علامات میں شدید بخار، سر درد، پٹھوں میں کھچاو، قے، اسہال اور جلد پر رِستے ہوئے زخم ظاہر ہونا شامل ہیں۔اخبار کے مطابق متاثرہ وٹیرنر ایک بیمار بلی کا علاج کرنے کے بعد بخار میں مبتلا ہو گیاتھا۔ اسی دن اسے ہاسپٹل میں داخل کیا گیا لیکن چند دنوں میں ہی وہ فوت ہو گیا۔ ڈاکٹر کے پوسٹ مارٹم میں کسی حیوانی جْوں یا چچڑی کے کاٹنے کے نشانات نہیں ملے اور نہ ہی اس کے ساتھیوں یا بلی کے مالک نے کسی قسم کی علامات کی اطلاع دی ہے۔واضح رہے کہ ‘سی سی ایچ ایف’ ایک متعدی بیماری ہے جو بنیادی طور پر متاثرہ چچڑی کے کاٹنے سے پھیلنے والے بونی وائرس کی وجہ سے ظاہر ہوتی ہے۔ یہ بیماری شدید بخار، قے، اسہال اور کئی اعضا کے ناکارہ ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔ سی سی ایچ ایف وائرس کے مریضوں میں شرح اموات 10 سے 30 فیصد کے درمیان بتائی گئی ہے۔