ٹوکیو : جاپان میں مسلمانوں کی تنظیم نے تدفین کے لیے جگہ حاصل کرنے کے لیے کوشش شروع کردی۔ جنوب مغربی جاپان کے صوبے اوئیتا کے شہر ہیپو میں مسلمانوں کو تدفین کے لیے جگہ کی تنگی کا سامنا ہے۔ تنظیم نے ہمسایہ قصبے میں 3سال قبل ایک زمین خریدکر قبرستان تعمیر کرنے کی غرض سے اجازت نامہ حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن مقامی رہایشیوں کی جانب سے مخالفت کے باعث یہ منصوبہ تعطل کا شکار ہو گیا۔ مسلمانوں کی نمایندہ تنظیم کیوشو اور اوکیناوا میں آباد مسلمانوں کی جانب سے 17 جون کو ٹوکیو میں وزارت صحت، محنت اور بہبود میں ایک درخواست دائر کرے گی،جس میں حکومت سے مطالبہ جائے گا کہ وہ ہر صوبے میں تدفین کے لیے کم از کم ایک سرکاری قبرستان قائم کرے یا یا پہلے سے موجود سرکاری قبرستانوں کا کچھ حصہ مسلمانوں کی تدفین کے لیے مختص کیا جائے۔ تنظیم کے رہنما خان محمد طاہر عباس نے بتایا کہ جاپان میں غیرملکی رہایشیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔