جاپان میں مشقوں کے دوران دو ہیلی کاپٹر تباہ

   

ٹوکیو : جاپان میں بحریہ کے دو ہیلی کاپٹر مشقوں کے دوران سمندر میں گر کر تباہ ہوگئے۔ ایک نعش بازیاب کرلی گئی ہے جبکہ 7 افراد لاپتا ہیں۔جاپانی وزیر دفاع نے بتایا کہ SH-60 پیٹرول ہیلی کاپٹرز ہفتہ کی شب وسطی جاپان میں جنوبی کنارہ کے دور افتادہ جزیرے اِزو کے نزدیک توریشیما میں اینٹی سب میرین مشقیں کر رہے تھے۔وزیرِدفاع مِنورو کِہارا نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس حادثے کا سبب معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہے۔ دونوں ہیلی کاپٹرز کے فلائٹ ریکارڈر مل گئے ہیں جن سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں ہیلی کاپٹر بہت قریب محوِ پرواز تھے۔ ہوسکتا ہے کہ ان میں تصادم ہوگیا ہو۔یہ دونوں ہیلی کاپٹر میری ٹائم سیلف ڈیفینس فورس کا حصہ تھے جو بالعموم آبدوزوں اور جنگی جہازوں کو ناکام بنانے کے لیے بروئے کار لائے جاتے ہیں۔