یوکوہاما ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک ایکسپریس ٹرین جو 120 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ رہی تھی، سے ریلوے کراسنگ پر ایک ٹرک ٹکرا گیا جس سے ایک شخص ہلاک اور دیگر 35 زخمی ہوگئے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹرین کے اگلے ڈبے پٹری سے اتر گئے اور ٹرک کو دور تک گھسیٹتے ہوئے لے گئے اور ایک دیوار سے ٹکرا دیا اور ٹرک شعلہ پوش ہوگیا جس کی وجہ سے ٹرک پر لدے ہوئے پھل ٹرین کی پٹریوں پر بکھر گئے۔ حادثہ کے بعد ٹرین کے اوورہیڈ تاروں سے برقی منقطع ہوگئی۔ حادثہ کے وقت اتنی زوردار آواز پیدا ہوئی کہ ٹرین میں سوار تقریباً 500 مسافرین خوفزدہ ہوگئے۔ عینی شاہدین نے یہ بات بتائی۔ زخمیوں کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے جبکہ ہاسپٹل میں ایک شخص زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ موقع پر موجود آتش فرو عملہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔
