ٹوکیو: وسطی جاپان میں زلزلے کے بعد کچھ ساحلی علاقوں کیلئے سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے وہاں رہنے والوں کو انخلا کی ہدایت کی گئی۔جاپانی میڈیا کے مطابق سی آف جاپان میں زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے جن میں سے ایک جھٹکے کی شدت 7.6 ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات جاپان نے بتایا کہ زلزلہ رپورٹ کیے جانے کے 10 منٹ بعد مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 21 منٹ پر 1.2 میٹر تک اونچی لہریں ایشیکاوا پریفیکچر میں واجیما بندرگاہ سے ٹکرائیں۔زلزلے کے جھٹکوں کے ساتھ سی آف جاپان کے مختلف ساحلی علاقوں میں ایک میٹر بڑی لہریں متحرک ہوئیں اور مزید بڑی لہروں کا امکان ہے۔زلزلے سے متاثرہ خطے میں ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ پروازوں اور ٹرین سرویسز متاثر ہوئیں، تاہم ابھی کسی جانی نقصان کی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔جاپانی محکمہ موسمیات کی جانب سے کئی ساحلی علاقوں کیلئے سونامی وارننگ جاری کی گئی۔اس سونامی وارننگ میں کہا گیا کہ 3 میٹر بڑی لہریں متاثرہ حصوں سے ٹکرا سکتی ہیں۔روس کی جانب سے بھی بعض شہروں کیلئے سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔حکام کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے جبکہ شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ زلزلے کے مزید جھٹکوں کیلئے تیار رہیں۔وزیراعظم جاپان فومیو کیشیدا نے کہا کہ لوگوں کو زلزلے کے آفٹرشاکس کیلئے تیار رہنا چاہیے۔زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت ٹوکیو میں بھی محسوس کیے گئے جو بالکل مخالف سمت پر موجود ہے۔دوسری جانب جاپان کے جوہری پلانٹ کا انتظام سنبھالنے والے ادارے نے کہا ہے کہ سی آف جاپان کے ساتھ موجود جوہری تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔زلزلے کے مرکز کے قریب موجود جوہری پاور پلانٹ کے 2 ری ایکٹرز کو زلزلے سے قبل ہی معمول کے معائنے کیلئے بند کیا گیا تھا اور ان پر زلزلے سے اثرات مرتب نہیں ہوئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جاپان میں 2011 میں زلزلے اور سونامی سے 20 ہزار کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ فوکوشیما جوہری پلانٹ کو نقصان پہنچا تھا۔