ٹوکیو: جاپان نے افغانستان میں بڑھتی کشیدگی کے سبب وہاں اپنا سفارتخانہ عارضی طور پر بند کر دیا ہے اور سفارتی کوشش جاری رکھنے کے لیے ترکی کے شہر استنبول میں ایک عارضی طور پر نمائندہ دفتر کھولا ہے ۔ جاپان کی وزارت خارجہ نے منگل کویہ اطلاع دی۔ وزارت نے کہا،‘علاقائی سلامتی میں تیزی سے انحطاط آنے کے سبب افغانستان میں واقع جاپان کے سفارتخانے کو 15 اگست کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ۔ ذمہ داری کی انجام دہی کے لیے ترکی کے شہر استنبول میں ایک عارضی نمائندہ دفتر قائم کیا گیا ہے ’۔وزارت نے بتایا کہ جاپانی سفارتخانے کے تمام 12 اہلکاروں نے 17 اگست کو کابل چھوڑ دیا اور ایک دوست ملک کے فوجی طیارے میں سوار ہو کر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر دوبئی چلے گئے ۔