یادداشت مفاہمت ، 562 کروڑ کی سرمایہ کاری، چیف منسٹر ریونت ریڈی سے توشیبا صدرنشین کی ملاقات
حیدرآباد۔/18 اپریل، ( سیاست نیوز) جاپان کی مشہور توشیبا TOSHIBA کمپنی نے پاور ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کے شعبہ میں تلنگانہ حکومت کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ توشیبا ٹرانسمیشن ڈسٹری بیوشن سسٹم انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ نے برقی شعبہ میں تلنگانہ کے ساتھ تعاون اور اشتراک کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن شعبہ کو بہتر بنانے میں مدد ملے۔ توشیبا کارپوریشن جاپان کی ذیلی کمپنی توشیبا ٹرانسمیشن ڈسٹری بیوشن سسٹم نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی موجودگی میں تلنگانہ ٹیم کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ معاہدہ کے تحت کمپنی کی جانب سے مینوفیکچرنگ فیسلیٹی قائم کی جائے گی تاکہ برقی سربراہی میں نقائص کو دور کیا جاسکے۔ کمپنی نے ردرارم میں واقع پلانٹ کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری جیش رنجن اور صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر توشیبا ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن ہیروشی فوروٹا نے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ اس موقع پر توشیبا کارپوریشن کے ڈائرکٹر اِنرجی بزنس ہیروشی کانیتا موجود تھے۔ تلنگانہ ٹیم اور توشیبا کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان تلنگانہ میں سرمایہ کاری امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ کمپنی تلنگانہ میں 562 کروڑ کی سرمایہ کاری سے پراجکٹ کا آغاز کرے گی۔ تلنگانہ حکومت برقی شعبہ میں پیداوار اور تقسیم کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی اداروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دے رہی ہے۔ صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر توشیبا ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن ہیروشی فوروٹا نے تلنگانہ حکومت کی صنعتی پالیسی کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ سرمایہ کاری کیلئے تلنگانہ ایک منفرد مقام ہے۔ انہوں نے ٹکنالوجی کے تبادلے کیلئے تلنگانہ حکومت کے ساتھ اشتراک پر مسرت کا اظہار کیا۔ کمپنی کی جانب سے ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن سے متعلق پراڈکٹس تیار کئے جائیں گے جن کا استعمال زائد وولٹیج کی برقراری میں مددگار ثابت ہوگا۔ تلنگانہ کے برقی شعبہ کی ترقی میں کمپنی نے تعاون کا یقین دلایا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرتے ہوئے اِکنامک ٹرانسفارمیشن کی سمت پیشرفت کررہی ہے۔ توشیبا کی جانب سے حیدرآباد کے قریب ردرارم میں 2 پلانٹس کامیابی کے ساتھ چلارہا ہے۔ کمپنی نے تلنگانہ کے برقی شعبہ کے استحکام میں تعاون کا یقین دلایا۔1