ٹوکیو میں معاشی پارٹنرشپ روڈ شو، انفرااسٹرکچر اور ٹیالنٹ کی فراہمی کا تیقن، فیوچر سٹی اور موسی ریور فرنٹ پراجکٹ پر ویڈیو پریزنٹیشن
حیدرآباد۔/18 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں سرمایہ کاری کو عالمی سطح پر فروغ دینے کی مہم کے تحت جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت تلنگانہ رائزنگ ٹیم نے انڈیا ۔ جاپان اِکنامک پارٹنر شپ روڈ شو کا اہتمام کیا جس میں جاپان کی 150 سے زائد نامور کمپنیوں اور اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جاپانی کمپنیوں اور صنعت کاروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ سرمایہ کاری کے ذریعہ وہ تلنگانہ کو چین کے متبادل کے طور پر پائیں گے۔ حیدرآباد کو وہ اپنے آبائی مقام کے طور پر محسوس کریں گے۔ چیف منسٹر نے جاپانی صنعتکاروں کو تلنگانہ میں اپنی سرگرمیوں کے آغاز کی پُرخلوص دعوت دی اور انہیں حکومت کی جانب سے بہتر سہولتوں اور مراعات کا یقین دلایا۔ دارالحکومت ٹوکیو کی امپیریل ہوٹل میں اعلیٰ سطحی انوسٹمنٹ روڈ شو کا اہتمام کیا گیا تھا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جاپان کی نامور کمپنیوں کے سربراہوں اور نمائندوں سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کی تفصیلات پیش کی۔ چیف منسٹر نے اپنی تقریر کا آغاز جاپانی زبان میں خیرمقدم کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ عوام کی جانب سے جاپانی صنعت کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ تلنگانہ ہندوستان کی کم عمر اور تیزی سے ترقی کرنے والی ریاست بن چکی ہے۔ جاپان کو سورج کے طلوع ہونے کی سرزمین کے طور پر شناخت حاصل ہے جبکہ تلنگانہ حکومت کا ویژن ’’ تلنگانہ رائزنگ‘‘ ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ رائزنگ سن کی سرزمین پر تلنگانہ رائزنگ نے قدم رکھا ہے۔ دورہ جاپان کا حوالہ دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ مجھے ٹوکیو آمد پر خوشی ہے، آپ کا یہ شہر عظیم تاریخ رکھتا ہے اور انفرااسٹرکچر کی سہولتوں میں نمایاں ہے۔ جاپان کے عوام بھی انتہائی مخلص اور پابند ڈسپلن کے ساتھ ساتھ قابل احترام ہیں۔ میں نے حیدرآباد کی ترقی کے سلسلہ میں جاپان کے ٹوکیو شہر سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ جاپان میں ہندوستان کے سفیر سیبی جارج نے جاپانی مندوبین کا خیرمقدم کیا اور ہندوستان اور جاپان کے درمیان تجارتی اور معاشی رشتوں کے استحکام پر زور دیا۔ جیٹرو بنگلور کے ڈائرکٹر جنرل توشی ہیرو نیزوتانی نے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کے ساتھ اشتراک کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ تلنگانہ حکومت کے دو اہم پراجکٹس فیوچر سٹی اور موسی ریور فرنٹ کے بارے میں پروموشنل ویڈیوز پیش کئے گئے۔ تلنگانہ حکومت نیٹ زیرو انڈسٹریل سٹی کے طور پر فیوچر سٹی کو ترقی دینا چاہتی ہے جبکہ دریاؤں کی ترقی سے متعلق پراجکٹ کے طور پر موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ تیار کیا گیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری انڈسٹریز جیش رنجن نے جاپانی کمپنیوں کی آرٹیفیشل انٹلیجنس، الیکٹرانک، ٹیکسٹائیل، گرین اِنرجی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات سے واقف کرایا ۔ ریونت ریڈی نے کلیدی خطبہ میں صنعت کاروں کا خیرمقدم کرکے کہا کہ ہم عالمی معیار کی انفرااسٹرکچر کے علاوہ قابل و ماہر ٹیالنٹ اور واضح و مستحکم پالیسیوں کا بھروسہ دلاتے ہیں جس کے نتیجہ میں آپ کی سرمایہ کاری سود مند ثابت ہوگی۔ لائف سائنسیس، الیکٹرانکس، اِنرجی، فوڈ پروسیسنگ، ٹیکسٹائیل اور دیگر شعبہ جات میں ہندوستان اور جاپان میں بہتر اشتراک کا چیف منسٹر نے حوالہ دیا۔ اِکنامک پارٹنر شپ روڈ شو میں تلنگانہ کی جانب سے پیش کئے گئے پریزنٹیشن سے جاپانی مندوبین کافی متاثر ہوئے اور روڈ شو کے بعد تلنگانہ کے وفد سے جاپانی صنعت کاروں نے انفرادی ملاقات کی اور سرمایہ کاری کے شعبہ جات پر تبادلہ خیال کیا۔1