جاپان کے آسمان پر عجیب منظررات اچانک دن میں تبدیل

   

ٹوکیو:21 اگست (یو این آئی) جاپان میں شہابِ ثاقب گرنے سے ہر سو روشنی پھیل گئی اور لمحے بھر کیلئے منظر دن کی روشنی جیسا ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق جاپان میں رات کے وقت دن کا سماں ہوگیا اور شہابِ ثاقب گرنے سے ہر سو روشنی پھیل گئی شعلہ نما آگ کے گولے کا دلفریب منظرکیمرے کی آنکھ نے محفوط کر لیا۔جاپان کے مغربی علاقوں کی فضاؤں میں منگل 19 اگست کی رات ایک شعلہ نما آگ کا گولا نمودار ہوا جس نے لمحوں کے لیے رات کو دن میں بدل ڈالا اور شہریوں کو حیرت زدہ کر دیا۔مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے کے بعد آسمان پر ظاہر ہونے یہ تیز روشنی سیکڑوں میل دور تک دیکھی گئی اور لمحے بھر کے لیے منظر دن کی روشنی جیسا لگا، چند ہی لمحوں میں اس کے مناظر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئے ۔کاغوشیما ریجن میں واقع سندائی اسپیس میوزیم کے سربراہ توشیہِسا مائدہ کے مطابق یہ ایک غیر معمولی طور پر روشن شہابِ ثاقب تھا جو غالباً بحرالکاہل میں جا گرا، کچھ افراد نے اس دوران فضائی ارتعاش بھی محسوس کیا جبکہ روشنی کی شدت تقریباً چاند جتنی تھی۔ماہرین کے مطابق ناسا کے اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ایسے شہابِ ثاقب، جنہیں فائربال یا آگ کے گولے کہا جاتا ہے ، اکثر ایک میٹر یا اس سے بڑے ہوتے ہیں اور فضا میں پھٹنے کی صورت میں انہیں بولائیڈکہا جاتا ہے ۔روشنی کی شدت چاند جیسی تھی، یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جاپان میں اس طرح کا مظہر دیکھا گیا ہو۔