جاپان کے اوساکا ایکسپو میں تلنگانہ پویلین کا افتتاح

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا شاندار استقبال، صنعتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات
حیدرآباد 21 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جاپان کے اوساکا شہر میں باوقار اوساکا ایکسپو میں شرکت کرتے ہوئے تلنگانہ پویلین کا افتتاح انجام دیا۔ جاپان کے شہر اوساکا میں جاری ایکسپو میں ملک کے نامور صنعتی ادارے شرکت کررہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ رائزنگ وفد نے پیر کی صبح کیتا کیشو شہر سے اوساکا پہونچ کر ہندوستانی پویلین کا معائنہ کیا۔ انڈین پویلین میں خاص طور پر تلنگانہ زون قائم کیا گیا جس کا افتتاح چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے انجام دیا۔ واضح رہے کہ اوساکا ایکسپو ہر 5 سال میں ایک بار منعقد کیا جاتا ہے اور اس مرتبہ تلنگانہ ایکسپو میں شرکت کرنے والی ہندوستان کی پہلی ریاست بن چکی ہے۔ اوساکا ایکسپو میں تلنگانہ کی جانب سے ترقی پذیر صنعتی ماحول، سیاحتی مقامات، تلنگانہ کے روایتی تہذیب و تمدن کے علاوہ سرمایہ کاری کے مواقع کی تفصیلات مندوبین کے روبرو پیش کی گئیں۔ تلنگانہ پویلین میں ریاست کی ترقی، ثقافتی ورثہ اور سیاحتی مقامات کی ترقی سے متعلق نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ اِس بین الاقوامی پلیٹ فارم کے ذریعہ عالمی سرمایہ کاری کو متوجہ کیا جارہا ہے۔ اِس کے علاوہ ثقافتی تعاون کے لئے بھی مختلف اداروں سے معاہدات کا امکان ہے۔ ایکسپو میں شامل جاپان کے صنعتی اداروں کے نمائندوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا شاندار استقبال کیا۔1