ایٹالہ راجندر کے ریمارکس بے بنیاد، بار بار میرے کندھوں پر بندوق رکھ کر چلانے کی ناکام کوشش کا الزام
حیدرآباد : ریاستی وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ نے ایٹالہ راجندر کی جانب سے ان کے خلاف کئے گئے ریمارکس کی سخت مذمت کی اور کہا کہ وہ ٹی آر ایس کے ایک وفادار ڈسپلن سپاہی ہیں۔ پارٹی کی تشکیل سے آج تک ان کیلئے پارٹی کے مفادات ہی عزیز رہے ہیں۔ وہ پارٹی کے ایک رکن ہیں۔ پارٹی کی قیادت انہیں جو بھی ذمہ داری سونپے گی وہ اس کو بخوبی انجام د ینے کی کوشش کرتے ہیں۔ چیف منسٹر ان کے والد کے برابر ہیں اور میرے استاد ہیں۔ ان کی قیادت میں وہ کام کرتے ہیں یہ بات ہم ماضی میں کئی مرتبہ کئی موقعوں پر کہہ چکے ہیں پھر ایک بار کہہ رہے ہیں جب تک جسم میں جان ہے وہ ٹی آر ایس میں رہیں گے اور چیف منسٹر کی قیادت میں کام کریں گے۔ ایٹالہ راجندر کے پارٹی چھوڑنے کی کئی وجوہات ہوں گی پارٹی میں رہنا یا نہیں رہنا ان کی مرضی ہے۔ ان کے ٹی آر ایس سے مستعفی ہونے پر پارٹی کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ ایٹالہ راجندر نے پارٹی کیلئے جو خدمات انجام دی ہے اس سے زیادہ پارٹی نے انہیں مواقع فراہم کئے ہیں۔ اپنے تنازعات اور جھگڑوں کے اخلاقی طاقت کیلئے ایٹالہ راجندر بار بار میرے کندھے پر بندوق رکھ کر گولی چلانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے میرے خلاف جو بھی ریمارکس کئے ہیں وہ تمام بے بنیاد ہے جس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ وہ ان ریمارکس کی مذمت کرتے ہیں۔